بارش نے آؤٹ ڈور کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر کر دیں، کرکٹ ٹورنامنٹس کے میچز منسوخ

بارش نے آؤٹ ڈور کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر کر دیں، کرکٹ ٹورنامنٹس کے میچز منسوخ

شہر میں ہونے والی بارش نے جہاں معمولاتِ زندگی کو متاثر کیا، وہیں آؤٹ ڈور کھیلوں کی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہوئیں اور متعدد کرکٹ میچز منسوخ کرنا پڑے۔

بارش کے باعث چوہدری محمد حسین میموریل سروس گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا شیڈول بھی متاثر ہوا، جہاں شائننگ کلب اور خضری کلب کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بارش کی نذر ہو گیا۔اسی طرح ماڈل ٹاؤن کلب گراؤنڈ میں جاری توصیف ٹرافی کا میچ بھی مسلسل بارش کے باعث ممکن نہ ہو سکا اور اسے ملتوی کر دیا گیا۔شدید بارش کے باعث ماڈل ٹاؤن اور فیصل ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں واقع کرکٹ گراؤنڈز میں پانی جمع ہو گیا، جس کے باعث کھیل کا انعقاد ناممکن ہو گیا۔منتظمین کے مطابق گراؤنڈز سے پانی نکالنے اور میدان کو کھیل کے قابل بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ متاثرہ میچز کے نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ادھر کھلاڑیوں اور شائقین نے امید ظاہر کی ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی ٹورنامنٹس کی سرگرمیاں دوبارہ معمول کے مطابق شروع ہو جائیں گی۔