پاکستانی اداکارہ زویا ناصر نے کراچی میں واردات کے دوران کار سے چھلانگ لگا کر بچنے کی کہانی سنادی

پاکستانی اداکارہ زویا ناصر نے کراچی میں واردات کے دوران کار سے چھلانگ لگا کر بچنے کی کہانی سنادی

ویب ڈیسک: پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ زویا ناصر نے کراچی میں پیش آنے والے ایک خوفناک واقعے کا انکشاف کیا ہے، جس کے دوران انہوں نے اپنی جان بچانے کے لیے اپنی گاڑی سے چھلانگ لگا دی تھی۔

زویا ناصر نے بتایا کہ اس دن وہ کراچی میں اپنے ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران تین تلوار کے قریب موجود تھیں، جب رات کے تقریباً 10 بجے سگنل پر ان کی گاڑی رک گئی۔ اس وقت سڑک پر ٹریفک کا رش تھا اور اچانک ایک شخص نے ان کی گاڑی کا دروازہ کھول دیا کیونکہ دروازے کا لاک نہیں تھا۔ اس دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار شخص نے آ کر ان سے کہا کہ اپنا سامان دے دو، ورنہ گولی مار دوں گا۔زویا نے بتایا کہ ان کی ساتھی اداکارہ نے فوراً اپنا پرس الٹ کر اس میں موجود تمام چیزیں دے دیں، لیکن جب زویا نے اپنی انگوٹھی اُتارنے کی کوشش کی تو وہ انگوٹھی نہیں اُتر رہی تھی۔ اس دوران وہ اپنا فون دینے سے انکار کر رہی تھیں، جس پر اغوا کار نے غصے میں آ کر کہا کہ "ڈرامے مت کرو، جو کچھ ہے دے دو۔"

زویا ناصر نے بتایا کہ اس خوفناک صورتحال سے بچنے کے لیے انہوں نے اچانک گاڑی کا دروازہ کھولا اور اس سے باہر چھلانگ لگا دی۔ وہ اس وقت خوف کے مارے کار کے نیچے چھپنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ اسی دوران ایک ویوے کار آئی، جس کے ڈرائیور نے بائیک والے شخص کو ٹکر مار کر اسے نیچے گرا دیا۔ اس کے بعد بائیک والا شخص اٹھا اور بڑی مشکل سے وہاں سے فرار ہو گیا۔زویا ناصر کا کہنا تھا کہ اگر ویوے کے ڈرائیور نے وقت پر مداخلت نہ کی ہوتی تو یہ واقعہ بہت بھیانک شکل اختیار کر سکتا تھا۔