کراچی: اغوا ہونے والا ڈھائی سالہ اذان بحفاظت بازیاب

کراچی: اغوا ہونے والا ڈھائی سالہ اذان بحفاظت بازیاب

ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے نیا ناظم آباد سے اغوا ہونے والے ڈھائی سالہ بچے اذان علی خان کو بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق کمسن بچے کو دو روز قبل تھانہ منگھوپیر کی حدود سے مبینہ طور پر موٹرسائیکل سوار ملزم اغوا کرکے لے گیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا۔پولیس کے مطابق بچے کے اغوا کا مقدمہ درج نمبر 438/2026 کے تحت تعزیرات پاکستان کی دفعہ 364-A اور پریوینشن آف ٹریفکنگ اِن پرسنز ایکٹ 2018 کی دفعہ 3(2) کے تحت درج کیا گیا تھا۔ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ پولیس نے خفیہ اطلاعات اور جدید تفتیشی ذرائع کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ٹھٹھہ کے قریب گھارو کے علاقے سے مغوی بچے کو بحفاظت بازیاب کرایا۔حکام کے مطابق بچے کی بازیابی میں جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد نے اہم کردار ادا کیا، جن کی مدد سے پولیس ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد کمسن بچے کو والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ اغوا میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ڈھائی سالہ بچے کی بحفاظت بازیابی پر ایس ایس پی ویسٹ، ایس ڈی پی او، ایس ایچ او تھانہ منگھوپیر اور پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔آئی جی سندھ نے کارروائی میں حصہ لینے والی پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد اور سی سی فرسٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اغوا کے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے اور تمام ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔پولیس حکام کے مطابق شہریوں کے تحفظ اور بالخصوص بچوں کے اغوا جیسے سنگین جرائم کی روک تھام کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔