شیخوپورہ میں تھانہ کوٹ عبدالمالک پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 19 سالہ مغویہ فائزہ کو بحفاظت بازیاب کرا لیا، جبکہ اغوا میں ملوث مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ کی ہدایت پر مغویہ کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کیے گئے۔ ایس ایچ او تھانہ کوٹ عبدالمالک رانا شہزاد احمد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے جدید تفتیشی حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کی مدد سے مغویہ کا سراغ لگایا اور اسے بحفاظت بازیاب کرا لیا۔کارروائی کے دوران پولیس نے اغوا میں ملوث مبینہ ملزم کو بھی گرفتار کر لیا۔ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ کا کہنا ہے کہ مغویہ کی بحفاظت بازیابی اور ملزم کی گرفتاری پولیس کی مؤثر حکمت عملی اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور مظلوم افراد کو انصاف کی فراہمی کے لیے پولیس تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔