ٹکسن میں فائرنگ کا واقعہ، 9 افراد زخمی، پولیس کی تحقیقات جاری

ٹکسن میں فائرنگ کا واقعہ، 9 افراد زخمی، پولیس کی تحقیقات جاری

امریکی ریاست ایریزونا کے شہر ٹکسن میں پیش آنے والے فائرنگ کے ایک واقعے میں 9 افراد زخمی ہو گئے، جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں مبینہ حملہ آور بھی زخمی ہو کر گرفتار کر لیا گیا۔

مقامی پولیس کے مطابق واقعہ رات تقریباً 2 بجے شہر کے مصروف علاقے ایسٹ کانگریس اسٹریٹ کے 100 بلاک میں پیش آیا، جو ریسٹورنٹس، تفریحی مقامات اور رات گئے تک سرگرمیوں کے باعث معروف ہے۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک مسلح شخص نے رش والی جگہ پر اچانک فائرنگ شروع کر دی، جس سے وہاں موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو روکنے کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق حملہ آور نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم تعاقب کے دوران ہونے والی کارروائی میں وہ پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔ بعد ازاں اسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے زیادہ تر افراد کے ہاتھوں اور ٹانگوں پر گولیاں لگیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تاحال حملے کے محرکات یا ملزم کی شناخت کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے سے متعلق مزید معلومات عوام کے سامنے لائی جائیں گی، جبکہ پولیس علاقے میں سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔