ایف آئی اے ، اوگرا نے ماچھیکے آئل ڈپو زکے باہرچھاپہ مارا،20ملزم گرفتار
متعلقہ محکموں کو لاکھوں منتھلی، حکومتی خزانے کو کروڑوں نقصان کا انکشاف
شیخوپورہ (خصوصی رپورٹ)وفاقی تحقیقاتی ادارہ(ایف آئی اے) اور اوگرا کی مشترکہ ٹیم نے ایک خفیہ ادارے کی نشاندہی پر سرگودھا روڈ پر ماچھیکے آئل ڈپوز کے باہر ڈبہ سٹیشنوں پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے مہنگا بیچنے کیلئے ذخیرہ کیا گیا 4 لاکھ لٹر پٹرول8آئل ٹینکروںسمیت قبضہ میں لے لیا اور ان 8ٹینکروں کے ڈرائیوروں سمیت 20 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ذخیرہ اندوزوں کے علاوہ ڈبہ سٹیشنوں کے مالکان کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ایف آئی اے پروگرام کی ٹیم کو رپورٹ دی گئی تھی کہ ماچھیکے آئل ڈپوئوں کے باہر 100 سے زیادہ غیر قانونی سیل پوائنٹس اور ڈبہ سٹیشن چل رہے ہیں جہاں پر سمگل اور چوری شدہ پٹرول و ڈیزل کا کروڑوں روپے کا کاروبار ہوتا ہے اور ان ڈبہ سٹیشنوں کے مالکان ہر ماہ لاکھوں روپے متعلقہ محکموں کو منتھلیاں دیتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پٹرول و ڈیزل کی خرید و فروخت کے بارے میں نئی پالیسی کی وجہ سے4لاکھ لٹر پٹرول 8ٹینکروں میں ذخیرہ کر کے مختلف ڈبو سٹیشنوں میں چھپایاگیا اور ان ڈبہ سٹیشنوں کو باہر سے تالے لگائے ہوئے تھے، جہاں پر ایف آئی اے اور اوگرا کی ٹیم نے آپریشن کر کے ان 8 ٹینکروں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ان میں سے 5 آئل ٹینکر ایک ہی تاجر کی ملکیت ہیں۔ ان ڈبہ سٹیشنوں پر روزانہ ہونے والے سمگل شدہ اور چوری شدہ پٹرول و ڈیزل کے کاروبار کی وجہ سے وفاقی حکومت کو ہر ماہ سرکاری محاصل کی مختلف مدوں میں کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔یہ ڈبہ سٹیشن 7 برس قبل مسمار کر دئیے گئے تھے، تاہم بعد ازاں پھر سے سکیورٹی کے حوالے سے انتہائی خطرناک رپورٹس کے باوجود چل رہے ہیں۔