چیچہ وطنی : پٹرول سے بھرا آئل ٹینکر قومی شاہراہ پر الٹ گیا

ٹینکر میں 44 ہزار لیٹر پٹرول موجود تھا، اخراج رپورٹ نہیں ہوا، ٹریفک بحال
 لاہور (کرائم رپورٹر) چیچہ وطنی کے قریب قومی شاہراہ پر پٹرول سے بھرا آئل ٹینکر الٹ گیا، جس میں تقریباً 44 ہزار لیٹر پٹرول موجود تھا۔ ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں حادثے کی وجہ ڈرائیور کو نیند آنا بتائی گئی ہے۔ حادثے میں آئل ٹینکر کا پچھلا حصہ الٹ گیا جبکہ مرکزی گاڑی سڑک پر موجود رہی۔ موٹروے پولیس، ریسکیو، ضلعی پولیس اور مقامی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئیں اور حفاظتی اقدامات کے تحت متاثرہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ حکام کے مطابق جائے حادثہ پر پٹرول کے اخراج کی اطلاع نہیں ملی جبکہ سڑک پر ٹریفک کی آمدورفت بھی مکمل طور پر بحال ہونے کی اطلاع دی گئی۔ موٹروے پولیس نے امدادی اداروں کے ساتھ مل کر کارروائیاں شروع کر دیں اور حفاظتی انتظامات جاری رکھے۔