شہریوں کو لوٹتے 2پولیس اہلکار گرفتار

کانسٹیبلز علی حسن اور کبیر علی حوالات بند، تیسرا اہلکار سجاد فرار ہوگیا
 لاہور (کرائم رپورٹر)چوکی ہلوکی پولیس نیکاہنہ کے علاقہ خیابان امین میں ناکہ لگاکر شہریوں کو لوٹنے والے 2پولیس اہلکار گرفتار کر لئے، تیسرا فرار ہوگیا۔خیابان امین میں شہریوں کو ناکہ لگا کر لوٹنے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں، گزشتہ تین سے چار روز کے دوران متعدد شہریوں نے لوٹ مار کی شکایات درج کروائی تھیں۔ چوکی انچارج ہلوکی نے ریکی کے بعد کارروائی کرتے ہوئے 2کانسٹیبلز کو گرفتار کر لیا۔گرفتار اہلکاروں میں کانسٹیبل علی حسن اور کانسٹیبل کبیر علی شامل ہیں۔ کانسٹیبل علی حسن تھانہ سندر جبکہ کبیر علی تھانہ گارڈن ٹائون میں تعینات ہے۔ کارروائی کے دوران ایک اہلکار سجاد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، گرفتار دونوں اہلکاروں کو تھانہ کی حوالات میں بند کر دیا گیا، گرفتار ہونے والے کانسٹیبلز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے، جبکہ فرار ہونے والے اہلکار کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔