جنوبی غزہ:اسرائیلی فوج کا حملہ، 2پولیس اہلکار شہید، امدادی سامان بھی روک دیا

امدادی ٹرکوں کے داخلے کو محفوظ بنانے کے لیے پولیس اہلکاروں کو علاقے میں تعینات کیا گیا تھا
 غزہ(آئی این پی ) جنوبی غزہ کی پٹی میں اتوار کو رفح کے مشرق میں اسرائیلی فضائی حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے جبکہ امدادی سامان بھی روک دیا گیا ۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے زیر انتظام وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں امدادی ٹرکوں کے داخلے کو محفوظ بنانے کے لیے پولیس اہلکاروں کو علاقے میں تعینات کیا گیا تھا، اسرائیلی حملے میں ایک تیسرا پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔ وزارت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اس جرم کی مذمت کرتے ہیں، اور ثالثوں اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ قابض پولیس فورس کو نشانہ بنانا بند کرنے پر مجبور کریں۔اسرائیلی فوج نے حماس کی رپورٹ پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی فضائیہ نے جنوبی غزہ میں متعدد مسلح افراد کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اسرائیلی فوجیوں کی طرف بڑھے تھے، مشتبہ ٹارگٹس کو شناخت کے بعد نشانہ بنایا گیا۔