زیادتی ، نازیبا ویڈیو ،2پولیس اہلکار گرفتار

بھکارن سے اہلکار امجد کی زیادتی ، فائرنگ، شہری زخمی، شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا 

 کانسٹیبل ارسلان نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 2 خواتین پر تشدد کرکے ایک کی ویڈیو بنائی تھی
لاہور(کرائم رپورٹر)زیادتی ، نازیبا ویڈیو ،2پولیس اہلکار گرفتار ہوگئے لاہور کے علاقے مناواں میں ایک باوردی پولیس اہلکار بھکاری خاتون سے جنسی زیادتی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ اہلکار نے پکڑے جانے پر شہری پر فائرنگ کر دی، جس سے نوجوان زخمی ہو گیا۔ذرائع کے مطابق مقامی افراد نے ملزم اہلکار کو قابو کر کے مناواں پولیس کے حوالے کر دیا۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والے نوجوان ساجد کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔واقعہ کی موبائل ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں پولیس اہلکار کو خاتون کے ساتھ نازیبا حرکات اور فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم اہلکار کی شناخت امجد کے نام سے ہوئی ہے، جو شفیق آباد تھانے میں تعینات ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث گرفتا ر اہلکار امجد تھانہ شفیق آباد میں تعینات تھا۔فیصل کامران کے مطابق واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، متعلقہ اہلکار کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی ہوگی۔،رائیونڈ میں خاتون کی نازیبا ویڈیو بنانے والے کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا گیا۔ذرائع پولیس کے مطابق کانسٹیبل ارسلان نے چند روز قبل ساتھیوں کے ساتھ مل کر 2 خواتین پر تشدد کرکے ایک کی برہنہ ویڈیو بنائی تھی۔پولیس نے بتایا کہ اینٹی رائٹ فورس میں تعینات کانسٹیبل ارسلان ویڈیو کیس کا مرکزی ملزم ہے جسے گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ واقعہ میں ملوث 3 ملزمان پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔پولیس کے مطابق تھانہ رائیونڈ میں ملزمان کے خلاف درج مقدمے میں گینگ ریپ کی دفعات بھی شامل ہیں۔ پولیس نے مزید کارروائی شروع کردی۔