ڈیرہ بگٹی: دہشت گردوں کا حملہ، 2پولیس اہلکار شہید، 2زخمی

سوئی میںاہلکار معمول کی گشت پر تھے، نامعلوم مسلح افراد نے جدید ہتھیاروں اور راکٹ لانچرز سے حملہ کر دیا
کوئٹہ (آئی این پی )بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں واقع سوئی کے علاقے طوطا کالونی کے قریب پولیس گاڑی پر دہشت گردو ں کے حملے کے نتیجے میں دوپولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق اہلکار معمول کی گشت پر تھے جب نامعلوم مسلح افراد نے جدید ہتھیاروں اور راکٹ لانچرز سے حملہ کر دیا۔ اچانک حملے کے باعث 2 اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ 2 دیگر زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ شہید ہونے والے اہلکار وں کی شناخت نصر الدین اور رحیم علی کے طور پر ہوئی ہے ۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم ان کی تلاش جاری ہے۔