خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ کی لانچنگ تقریب، گورنر کیپی نے افتتاح کیا

اسلام آباد(آئی این پی )خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ کی شاندار لانچنگ تقریب کا انعقاد ہوگیا، رنگارنگ تقریب کے مہمان خصوصی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی تھے جبکہ کے سی ایل کے برانڈ ایمبیسیڈر شاہد آفریدی، چیف ایگزیکٹو آفیسر سہیل خان کنڈی سمیت کھلاڑیوں اور مختلف شعبہ ہاے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی تقریب کے دوران لیگ کی تمام چھ ٹیموں کے نام، لوگوز اور آفیشل جرسیز کے ساتھ پہلے ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی۔لیگ میں پشاور پینتھرز، مردان چیلنجرز، سوات ٹائٹنز ، ڈی آئی خان اسٹالینز، خیبر وارئیرز اور ایبٹ آباد ایگلز 16سے 25 اکتوبر تک عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم، پشاور میں مدمقابل ہونگی۔ لانچنگ تقریب سے خطاب میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ صوبے اور پاکستان کرکٹ کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوگی۔خیبرپختونخوا ہمیشہ پاکستان کو بہترین کرکٹرز فراہم کرتا آیا ہے۔ اس لیگ کے ذریعے مزید نوجوان باصلاحیت کرکٹرز سامنے آئیں گے جو مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔.لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سہیل خان کنڈی، مینیجنگ ڈائریکٹر راجا متین، لیگ کے صدر و فانڈنگ ممبر عارف ملک اور برانڈ ایمبیسیڈر شاہد خان آفریدی نے بھی خطاب کیا۔