اسلام آباد میں تیسری پاکستان حج و عمرہ کی لانچنگ تقریب کا انعقاد

 عمرہ ایکٹ منظور ہو چکا ہے اور اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا :سردار محمد یوسف
اسلام آباد(بیورو رپورٹ)اسلام آباد ہوٹل میں آج تیسری پاکستان حج و عمرہ نمائش 2025 کی شاندار پری لانچنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان ملک اور چیئرمین شریعہ بورڈ ایچ بی ایل مفتی زبیر اشرف عثمانی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (PTDC) کے ایم ڈی رانا آفتاب، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان (TDAP) اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد عاصم، ہوپ پاکستان کے مرکزی کوآرڈینیٹر حاجی ثنااللہ خان، وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے وائس پریزیڈنٹ طارق جدون، راولپنڈی چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے سینئر نائب صدر دوست علی جان، جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما مولانا صلاح الدین ایوبی، سی ای او مع السلامہ معراج الدین اسِیف، ڈائریکٹر انٹرنیشنل ریلیشنز مع السلامہ ڈاکٹر اسد اللہ، میڈیا کوآرڈینیٹر عمار خان یاسر اور آئی ٹی ڈائریکٹر محمد یاسین سمیت مختلف مکاتب فکر اور اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی اور خطاب کیا۔وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اپنے خطاب میں اس طرح کی نمائشوں کی انعقاد کی اہمیت پر زور دیا، انہوں نے مزید کہا کہ عمرہ ایکٹ منظور ہو چکا ہے اور اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی کو گداگروں کو عمرہ کے لیے نہ بھیجنے دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حاجی اپنے ملک کے سفیر ہوتے ہیں، اس لیے عازمین حج کو سعودی قوانین اور مقامی ضوابط کا مکمل احترام کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حج اور عمرہ عبادت کے سفر ہیں، انہیں کاروباری یا تفریحی سفر نہیں بنایا جانا چاہیے، اور پاکستان کو حج و عمرہ کے موقع پر سعودی عرب کے لیے برآمدات میں اضافے پر توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ حج و عمرہ ایکسپو کے ذریعے ماسٹر ٹرینرز کی تربیت، اسلامی معیشت کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ وزارت مذہبی امور اس ایکسپو کے انعقاد کرنے والی کمپنی مع السلامہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو حج و عمرہ انڈسٹری پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے، کیونکہ اس شعبے میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی کمپنیاں اس شعبے میں فعال کردار ادا کر سکتی ہیں اور حکومت اپنی طرف سے انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (PTDC) کے منیجنگ ڈائریکٹر رانا آفتاب نے کہا کہ حجاج کرام اپنے اپنے ممالک کے سفیر ہوتے ہیں، اس لیے ان پر لازم ہے کہ وہ سعودی عرب کے قوانین کا مکمل احترام کریں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حج و عمرہ آپریشن سے وابستہ ٹور آپریٹرز کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ عازمین کو بہتر انداز میں رہنمائی فراہم کر سکیں۔ہوپ پاکستان کے مرکزی کوآرڈینیٹر حاجی ثنااللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حج آپریشن کے حوالے سے سعودی تعلیمات اور ہدایات کی بہت اہمیت ہے، اس لیے ان پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا جانا چاہئے تاکہ عازمین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔چیئرمین شریعہ بورڈ ایچ بی ایل مفتی زبیر اشرف عثمانی نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ حجاج کرام کی دینی، اخلاقی اور انتظامی تربیت نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تربیت کے بغیر حاجیوں کو حج کی اصل روح سمجھنا مشکل ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے حکومت اور پرائیویٹ اداروں دونوں پر زور دیا کہ وہ اس پہلو کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں اور اس سلسلے میں جامع اقدامات کریں۔نمائش کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ ایکسپو 24 تا 26 اکتوبر 2025ء کو پاک–چائنا فرینڈشپ سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ اس کی میزبانی مع السلامہ پرائیویٹ لمیٹڈ کر رہی ہے جبکہ شریک منتظمین میں پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (PTDC)، راولپنڈی چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹریز (RCSTSI)، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اور اسلامی تحقیقاتی ادارہ، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد ، نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی)، پشاور، اگنائٹ نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ، اور آربٹ ایونٹس سمیت دیگر ادارے شامل ہیں۔ایکسپو میں سعودی عرب سے حج و عمرہ کمپنیوں، ٹرانسپورٹ اور ٹیلی کام کمپنیوں، ہوٹلز اور ایوی ایشن کمپنیاں، جب کہ پاکستان سے مختلف بینک، ایئرلائنز، ٹیلی کام کمپنیاں، حج و عمرہ سفری مصنوعات، ڈیجیٹل پروڈکٹس، ہوٹل ایسیسریز کے مینوفیکچررز و ایکسپورٹرز اور اسلامی مصنوعات کے ادارے شریک ہوں گے۔ پی ٹی ڈی سی اور مع السلامہ اس موقع پر پاکستانی حجاج و معتمرین اور کمپنیوں کے لیے خصوصی تربیتی پروگرامز بھی متعارف کرائیں گے جن میں اسلامی اور مشرقی روایات کے مطابق رہنمائی فراہم کی جائے گی اور حج و عمرہ سے متعلقہ سروسز کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔اس افتتاحی تقریب میں وزارت مذہبی امور، وزارت تجارت اور دیگر حکومتی اداروں کے نمائندگان کے علاوہ بینکاری و ایوی ایشن سیکٹر سے بینک البرکہ، حبیب بینک لمیٹڈ، میزان بینک، بینک اسلامی، ایم سی بی، بینک الفلاح، حبیب میٹرو، عسکری بینک، خیبر بینک، بینک آف پنجاب، فیصل بینک، یو بی ایل، الائیڈ بینک، سیرین ایئر، ایئر سیال، ایمیریٹس ایئر لائن، فلائی ناس، فلائی جناح، ایئر بلیو اور ٹیلی کام سیکٹر سے زونگ، ٹیلی نار اور جاز کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔شرکائے تقریب نے اس بات پر زور دیا کہ یہ نمائش پاکستان میں حج و عمرہ انڈسٹری کی ترقی، مذہبی سیاحت کے فروغ اور سعودی عرب کے لیے برآمدات میں اضافے کا ایک اہم سنگِ میل ہے، جو پاکستان کی معیشت اور بین الاقوامی روابط پر مثبت اثرات ڈالے گی۔