اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ کی بندش سے متعلق کیس کی سماعت کل 21 جنوری کو مقرر کر دی ہے۔
عدالت نے اس معاملے پر نیشنل سائبر کرائم ایجنسی سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کر رکھا ہے۔یہ کیس اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر شہری غلام مرتضیٰ کی درخواست پر سنیں گے۔عدالت نے گزشتہ سماعت کے تحریری حکمنامے میں قرار دیا تھا کہ اڈیالہ جیل حکام اپنا جواب پہلے ہی عدالت میں جمع کرا چکے ہیں، جبکہ دیگر متعلقہ فریقین کو بھی ہدایت کی گئی تھی کہ وہ مقررہ تاریخ تک اپنے تحریری جوابات جمع کرائیں۔
عدالت کو بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے معروف قانون دان سلمان اکرم راجہ کیس کی پیروی کر رہے ہیں، جبکہ درخواست گزار شہری غلام مرتضیٰ کی جانب سے بیرسٹر ظفر اللہ بطور وکیل پیش ہوں گے۔واضح رہے کہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ غیر قانونی طور پر بند کیا گیا، جس پر عدالت نے متعلقہ اداروں سے وضاحت طلب کر رکھی ہے۔