عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کیس میں پی ٹی اے کے جواب کو عدالت نے غیر تسلی بخش قرار دے دیا

عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کیس میں پی ٹی اے کے جواب کو عدالت نے غیر تسلی بخش قرار دے دیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کے کیس میں پی ٹی اے کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس ارباب محمد طاہر کی سربراہی میں سماعت کے دوران عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے وکیل سلمان اکرم راجا کی ملاقات نہ کروانے کے معاملے پر توہین عدالت درخواست پر تفصیلی جواب طلب کیا۔ عدالت نے پی ٹی اے کے جواب پر ریمارکس دیے کہ “آپ دیکھ لیں رٹ پٹیشن کیا ہے اور آپ کا جواب کیا ہے۔”سلمان اکرم راجا نے عدالت کو بتایا کہ وہ کیس سے متعلق عمران خان سے مشاورت نہیں کر سکے کیونکہ انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد اپنا تحریری جواب جمع کرائیں۔ عدالت نے کہا کہ اگر وکیل کو ملاقات کی اجازت دی جائے تو 24 فروری کو حتمی دلائل لیے جائیں گے۔

مزید برآں، عدالت نے کہا کہ ملاقات نہ ہونے کی وجہ سے کیس آگے نہیں بڑھ سکتا۔ سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ 4 نومبر کا آرڈر ابھی تک عمل میں نہیں آیا، اور وہ جیل میں ملاقات کے لیے جانے کی اجازت مانگ رہے ہیں۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ اس حوالے سے مناسب آرڈر جاری کیا جائے گا تاکہ کیس کی سماعت آگے بڑھ سکے۔آخر میں عدالت نے سماعت 24 فروری تک ملتوی کر دی۔