پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بھارت کی جانب سے پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ کی بندش پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مودی کی ہندوتوا سرکار حقیقت میں بے ہودگی، شر اور سفاکیت کی جیتی جاگتی تصویر ہے، جو ہر اُس معتبر آواز کو دبانے کی کوشش کرتی ہے جو حق اور امن کی بات کرے۔ترجمان نے مزید کہا کہ عمران خان کی عالمی سطح پر ساکھ اور امن کے لیے ان کی کاوشوں نے بھارت کی متعصب حکومت کے لیے ایک بڑی رکاوٹ پیدا کی ہے۔ ان کا کردار عالمی سطح پر امن اور علاقائی استحکام کے لیے اہمیت رکھتا ہے، اور یہ بھارت کی حکومت کے مکروہ عزائم کے سامنے بڑی چیلنج ثابت ہو رہا ہے۔پی ٹی آئی کے ترجمان نے پلوامہ حملے کے بعد عمران خان کی طرف سے مودی کو دیے گئے سبق کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ اس سبق کی بازگشت بھارتی ایوانوں میں ہمیشہ گونجے گی اور مودی کو کسی بھی ایڈونچر سے روکنے میں معاون ثابت ہوگی۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ اگر عمران خان کو ناحق قید میں نہ رکھا گیا ہوتا اور وہ منصبِ قیادت پر ہوتے، تو مودی کو زبانی بڑھکیں ہانکنے اور خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے کا حوصلہ نہ ہوتا۔ اس کے علاوہ، ایکس اکاؤنٹ کی بندش سے نہ تو مودی سرکار کا بدنما چہرہ چھپ سکے گا اور نہ ہی وہ اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل میں کامیاب ہو پائے گی۔پی ٹی آئی نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے بھارت کی حکومت کے رویے کو جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کے خلاف قرار دیا ہے۔ پارٹی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے اس غیر جمہوری اقدام کا نوٹس لے اور آزادی اظہار رائے کے حق کی حمایت کرے۔