اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیک کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من اللہ بلوچ کی عدالت میں سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی اور ہدایت کی کہ انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور کے ساتھ نامزد شریک ملزم عدالت میں پیش ہوئے، تاہم علی امین گنڈاپور کی غیر حاضری کے سبب فرد جرم کی کارروائی موخر کر دی گئی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 فروری تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمہ تھانہ گولڑہ میں درج ہے، اور یہ کیس گزشتہ دنوں سامنے آنے والے آڈیو لیک سے متعلق ہے، جس میں سیاسی اور قانونی پیچیدگیاں شامل ہیں۔ عدالت کے اس اقدام کے بعد علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔