اسلام آباد کی سیشن عدالت نے آڈیو لیک کیس میں سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جاوید اقبال سپرا نے آڈیو لیک کیس کی سماعت کی، جس میں علی امین گنڈاپور کے جاری کردہ وارنٹ سے متعلق درخواست پر غور کیا گیا۔سماعت کے دوران وکیلِ صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ صرف ایک پیشی پر عدم حاضری کی بنیاد پر ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے تھے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ علی امین گنڈاپور عدالت میں پیش ہو کر سرنڈر کر چکے ہیں اور عدالت کے رحم و کرم پر ہیں۔
وکیل نے استدعا کی کہ جس عدالت کو وارنٹ جاری کرنے کا اختیار حاصل ہے، وہی انہیں منسوخ بھی کر سکتی ہے۔دلائل سننے کے بعد عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ منسوخ کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 15 جولائی تک ملتوی کر دی۔