شائقین کرکٹ کے لیے دلچسپی کا اعلان، کیونکہ 15 فروری کو ایک ہی روز میں دو پاک بھارت مقابلے طے ہیں۔
ایک مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اور دوسرا ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں کھیلا جائے گا۔ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 13 سے 22 فروری تک تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں منعقد ہوگا، جس میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد ایشیا کی ابھرتی ہوئی ٹیموں اور نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی پلیٹ فارم فراہم کرنا اور ایشیائی کرکٹ کے فیوچر اسٹارز کو متعارف کروانا ہے۔گروپ مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ متحدہ عرب امارات اور نیپال گروپ اے میں شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں بنگلادیش، سری لنکا، ملائیشیا اور میزبان تھائی لینڈ شامل ہیں۔ پاکستان گرین شرٹس اپنا آغاز 13 فروری کو نیپال کے خلاف کریں گی اور گروپ مرحلے کا آخری میچ 17 فروری کو یو اے ای کے ساتھ ہوگا۔
بھارت کا پہلا میچ متحدہ عرب امارات اور دوسرا نیپال کے خلاف ہوگا۔گروپ مرحلہ 18 فروری تک جاری رہے گا، جس کے بعد ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں 20 فروری کو سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی جبکہ فائنل 22 فروری کو کھیلا جائے گا۔یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی اور ایشیا بھر میں ویمنز کرکٹ کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اور شائقین کے لیے پاک بھارت مقابلے خصوصی دلچسپی کا سبب بنیں گے۔