لاہور(کرائم رپورٹر)اقبال ٹاؤن میں ایس پی ڈاکٹر محمد عمر کی جانب سے اپنے دفتر میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا جا رہا ہیجہاں شہریوں اور پولیس اہلکاران کے مسائل سنے جا رہے ہیں اور ان کے فوری حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے جا رہے ہیں۔ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کا کہنا ہے کہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ کھلی کچہری میں نہ صرف عام شہریوں بلکہ پولیس اہلکاران کو بھی اپنے مسائل پیش کرنے کا موقع دیا جا رہا ہیانہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا بنیادی مقصد سفارشی کلچر کا خاتمہ اور عوام الناس اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنا ہے تاکہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے واضح کیا کہ شہریوں کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کروانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے مزید کہا کہ عوام الناس کو درپیش مسائل کا حل اور ان کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، جبکہ انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اقبال ٹاؤن پولیس شہریوں کی حفاظت اور خدمت کے لیے ہر وقت موجود ہے۔