ڈاکوؤں کی گاڑی وزیراعلیٰ پنجاب کی رہائشگاہ کے باہر لگائی حفاظتی رکاوٹوں سے ٹکرائی تو مقابلہ ہوگیا

 جاتی امراکے قریب پولیس مقابلہ 1 ڈاکو گرفتار،2 شہری سے گاڑی چھین کر فرار
 ڈاکوؤں کی فائرنگ سے رسپانس یونٹ کی گاڑی کو نقصان پہنچا، ، ملزموں کی کار کو تحویل میں لے لیا گیا،پولیس کی بھاری نفری تعینات ، فرار ہونیوالے ڈاکوئوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری : پولیس حکام
 لاہور(کرائم رپورٹر) جاتی امراء کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہواجس کے نتیجے میں ایک ڈاکو گرفتار جبکہ دو فرار ہو گئے۔ذرائع پولیس حکام کے مطابق ڈاکوؤں کی گاڑی وزیراعلیٰ پنجاب کی رہائشگاہ کے باہر لگائی گئی حفاظتی رکاوٹوں سے ٹکرا گئی، جس کے بعد ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس رسپانس یونٹ کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ملزمان کی گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا گیا تاہم دو ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے ایک شہری سے گاڑی چھین کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن اور تعاقب جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا