پولیس فورس کو حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے قابل بنانے کے لئے جدید اسلحہ اور بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کر رہے ہیں
نوجوانوں کے پاس جذبہ ہے،شہداء کے بچوں کی بھرتی کیلئے کوٹہ دے دیا:پولیس ٹریننگ سکول کے افتتاح کی تقریب سے خطاب
(پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے ہمارا مقابلہ اس دشمن سے ہے جس نے سپر پاور امریکا کو شکست دی، ہمارے دشمنو ں کا موازنہ کچے کے ڈاکوؤں سے نہ کیا جائے۔ علی امین خان گنڈاپور نے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سکول کا دورہ کیا، اس موقع پر پولیس کے چاق وچوبند دستے کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں نو قائم شدہ پولیس ٹریننگ سکول کا افتتاح کر دیا، وزیر اعلیٰ نے پولیس ٹریننگ سکول ڈی آئی خان میں فائرنگ رینج کی تعمیر کا بھی اعلان کردیا۔اس موقع پر انہیں بریفنگ میں بتایا گیا پولیس ٹریننگ سکول دو کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے قائم کیا گیا ہے، نو قائم شدہ ٹریننگ سکول میں کمپیوٹر لیب، کلاس رومز ،میس، رہائشی کوارٹرز اور دیگر درکار سہولیات دستیاب ہیں۔وزیر اعلیٰ نے پولیس ٹریننگ اسکول کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی سرحدوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے غازیوں اور شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں، صوبے میں امن و امان کے لئے خیبر پختونخوا پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں‘صوبے کے عوام کو پولیس کی ان قربانیوں پر فخر ہے، ہم صوبے میں پولیس فورس کو مضبوط اور مستحکم بنانے ہر بھرپور وسائل خرچ کر رہے ہیں، پولیس فورس کو حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے قابل بنانے کے لیے جدید اسلحہ اور بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کے پاس جذبہ موجود ہے، انہیں جدید اسلحہ اور آلات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے، پولیس شہداء کے بچوں کی بھرتی کے لیے تمام کوٹہ دے دیا ہے، پولیس اہلکاروں کی پروموشن میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، صوبے میں موجود پولیس ٹریننگ اسکولوں کو مزید بہتر بنا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ٹریننگ کے معیار کو بہتر بناکر 9 ماہ کا دورانیہ کم کر کے 90 دن پر لائیں گے، ہمارا مقابلہ اس دشمن سے ہے جس نے سپر پاور امریکا کو شکست دی، ہمارے دشمنو ں کا موازنہ کچے کے ڈاکوؤں سے نہ کیا جائے۔