امریکا میں تاریخ ساز دن: پہلی مسلم نائب گورنر غزالہ ہاشمی نے قرآن پاک پر حلف اٹھا لیا

امریکا میں تاریخ ساز دن: پہلی مسلم نائب گورنر غزالہ ہاشمی نے قرآن پاک پر حلف اٹھا لیا

امریکا کی ریاست ورجینیا میں تاریخ ساز دن رقم ہوا، جہاں غزالہ ہاشمی نے ریاست کی پہلی مسلم خاتون نائب گورنر کی حیثیت سے قرآنِ پاک پر حلف اٹھایا۔

 اس موقع کو ورجینیا کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اسی دن گورنر کا عہدہ بھی پہلی بار ایک خاتون رہنما ایبی گیل اسپین برجر کے سپرد کیا گیا۔ورجینیا کی تاریخ میں تنوع اور نمائندگی کے حوالے سے ایک اور بڑی پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب اٹارنی جنرل کا عہدہ سیاہ فام رہنما جے جونز نے سنبھالا۔ یوں ریاست کی اعلیٰ قیادت میں خواتین، مسلم اور سیاہ فام نمائندگی نے ایک نئی مثال قائم کر دی ہے، جسے امریکی سیاست میں شمولیت اور برابری کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔حلف برداری کی تقریب کے موقع پر ایک انٹرفیتھ پرئیر بریک فاسٹ کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں امام شریف نے دعا کرائی۔ تقریب میں سینیٹر صدام ازلان سلیم، سینیٹر کنعان اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی، جنہوں نے اس تاریخی لمحے کو خوش آئند قرار دیا۔

تقریب کے دوران ایڈمز اسکاؤٹنگ امریکا اور گرلز اسکاؤٹس نے بھی پریڈ میں حصہ لیا، جس کی قیادت رضوان جاکا، احسن اللہ، بیتھنی رشید اور دیگر نمائندوں نے کی۔ اس موقع پر رضوان جاکا نے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت ریاست میں اتحاد، ہم آہنگی اور ثقافتی تنوع کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ادھر ریاستی گورنر کے ایشین امریکن ایڈوائزری بورڈ کے چیئر منصور قریشی نے توقع ظاہر کی کہ گورنر، نائب گورنر اور پوری کابینہ ورجینیا کے عوام کی بلا تفریق خدمت کرے گی، بالخصوص جنوب ایشیائی اور اقلیتی کمیونٹیز کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔سیاسی مبصرین کے مطابق یہ پیش رفت نہ صرف ورجینیا بلکہ پورے امریکا میں جمہوری اقدار، مذہبی آزادی اور سماجی شمولیت کے فروغ کی ایک مضبوط مثال ہے۔