چلی کے جنگلات میں آتشزدگی سے 19 افراد ہلاک، ایمرجنسی نافذ

 گزشتہ دو دنوں  سے جاری آگ کے باعث 50 ہزار سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل، ہزاروں بے گھر ہو گئے
سانتیاگو (آئی این پی)چلی میں بے قابو جنگلاتی آگ نے متعدد آبادیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 19 افراد ہلاک جبکہ ہزاروں بے گھر ہو گئے۔غیرملکی خبر  رساں ادارے  کے مطابق نوبلے اور بیوبیو کے علاقوں میں گزشتہ دو دنوں سے جاری آگ کے باعث 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ یہ علاقے دارالحکومت سانتیاگو سے تقریبا 500 کلومیٹر جنوب میں واقع ہیں، جہاں تیز ہواں اور شدید گرمی نے آگ کو مزید بھڑکا دیا۔ حادثے کے بعد کی ویڈیوز میں جلے ہوئے مکانات، تباہ شدہ گاڑیاں اور سنسان گلیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔ میئر روڈریگو ویرا کے مطابق اب  تک زیادہ تر ہلاکتیں پینکو میں رپورٹ ہوئی ہیں۔قریبی بندرگاہی قصبے لیرکین میں بھی صورتحال نہایت سنگین رہی، جہاں رہائشیوں کے مطابق آگ چند سیکنڈز میں پھیل گئی۔