امریکہ کو یقین ہے بین الاقوامی قوانین سے زیادہ اہم اس کی طاقت ہے:انتونیو گوتیرس

نیویار ک(آئی این پی)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس  نے کہا ہے  امریکہ کو اس بات کا یقین ہے  بین الاقوامی قوانین سے زیادہ اہم اس کی طاقت ہے۔بی بی سی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے، انتونیو گوتیرس کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کو واضح طور پر یہ یقین ہے کہ کثیرالجہتی حل کام نہیں کرتے۔انھوں نے کہا کہ امریکہ کی نظر میں جو چیز اہم ہے وہ امریکہ کی طاقت اور اثر و رسوخ کا استعمال ہے۔  گوتیرس نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ان کی تنظیم ممبران سے اقوام متحدہ کے چارٹر میں بیان کردہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری نہیں کروا پا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ بڑے عالمی تنازعات کو حل کرنے کے بے حد کوشش کر رہا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے پاس کوئی طاقت نہیں جبکہ بڑی طاقتوں کا اثر و رسوخ اقوام متحدہ سے کہیں زیادہ ہے۔