کراچی: زیرزمین پانی کے ٹینک سے کمسن بچے کی لاش ملنے پر 2 افراد حراست میں

کراچی: زیرزمین پانی کے ٹینک سے کمسن بچے کی لاش ملنے پر 2 افراد حراست میں

کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں زیرزمین پانی کے ٹینک سے مغوی کمسن صارم کی لاش ملنے کے بعد پولیس نے 2 افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

بلال کالونی تھانے کے علاقے نارتھ کراچی میں واقع بیت النعم رہائشی اپارٹمنٹ کے زیرزمین پانی کے ٹینک سے 4 سالہ صارم کی لاش ملی تھی، جس کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کر دی۔ رات گئے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کی ٹیم نے دوبارہ اپارٹمنٹ میں سرچ آپریشن کیا، جو صبح 6 بجے تک جاری رہا۔ اس دوران دو مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جن کے پاس بند فلیٹ کی چابیاں تھیں۔پولیس حکام کے مطابق، ان مشکوک افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے اور ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سرچ آپریشن میں پولیس کے ساتھ سی پی ایل سی اور دیگر حکام بھی شامل تھے، اور اس دوران سراغ رساں کتوں کی مدد بھی لی گئی۔ آپریشن کے دوران بند فلیٹوں کی تلاشی بھی لی گئی، جہاں سے ایک چادر اور دیگر شواہد جمع کیے گئے۔

 چادر کو فارنزک لیبارٹری بھیجا جائے گا، اور دیگر نمونوں کا کیمیائی تجزیہ کیا جائے گا۔پولیس حکام نے کہا ہے کہ صارم کی حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے، جس کے بعد تحقیقات کا رخ واضح ہو جائے گا۔ حراست میں لیے گئے مشکوک افراد کے ڈی این اے اور صارم کے نمونے جامعہ کراچی کی فارنزک لیبارٹری بھجوائے جائیں گے تاکہ مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔پولیس تحقیقات کو مکمل کرنے کے لیے کوشاں ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی ملزمان کے بارے میں کوئی واضح نتیجہ حاصل کیا جا سکے گا۔