9مئی کیسز،علیمہ،صنم جاوید اوردیگرکی ضمانت میں توسیع

 جی ایچ کیوحملہ کیس کی سماعت 22جنوری تک ملتوی،تما م ملزم عدالت میں پیش
پرویز الٰہی اور خاندان کے افرادکیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی کل سے سماعت شروع
لاہور،راولپنڈی ،اسلام آبا د(خصوصی رپورٹ)لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتوں میں 12فروری تک توسیع کرتے ہوئے پراسیکیوشن کو دلائل مکمل کرنے کا آخری موقع دے دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے صنم جاویداورمشعال یوسف زئی کے پیش ہونے پر ان کی ضمانتوں میں 28جنوری تک توسیع کردی جبکہ اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت نے سنگجانی جلسہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کی عبوری ضمانت میں 10 فروری تک توسیع کردی۔تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظرعلی گل نے جناح ہاؤس حملہ کیس اور 5 اکتوبر کو جلاؤ گھیراؤ کرنے کے کیس میں بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خانم اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں 12 فروری تک توسیع کی اور آئندہ سماعت پر پراسیکیوشن سے ریکارڈ طلب کر لیا۔ پراسیکیوشن نے عدالت میں مزید تاریخ لینے کی استدعا کی اور کہا کہ ریکارڈ موجود نہیں اور دوسرے کیس میں آئی او بیمار ہیں جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمہارا روز کا کام ہے کہ ریکارڈ موجود نہیں ،اس سب میں ان دونوں ملزمہ کا کیا قصور ،ان کوبار بار آنا پڑھتا ہے، اگلی تاریخ پر کچھ بھی ہو،دلائل سن کر اورریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کر دوں گا۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے کہنے پر 12 فروری تک سماعت ملتوی کردی۔علیمہ خان اور عظمیٰ خان نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 190 ملین پاؤنڈ کا کیس نہیں، یہ القادر کیس ہے ،فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ جائیں گے۔راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت سے ضمانت میں توسیع کے بعد صنم جاوید اور مشال یوسف زئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تو ہمیں یاد بھی نہیں کتنے کیسز ہیں ضمانتیں ہورہی ہیں اور ہم چلے جاتے ہیں۔ انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے تھانہ آر اے بازار کے جی ایچ کیو حملہ کیس کی اڈیالہ جیل میں دوسری باقاعدہ سماعت استغاثہ کے پانچویں گواہ کی شہادت قلمبند کرنے کے بعد مقدمہ کی سماعت 22 جنوری تک ملتوی کردی ،سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی ، شہریار آفریدی ، شیخ رشید، مسرت چیمہ، محمد بشارت راجہ سمیت دیگر ملزم بھی عدالت میں موجود تھے۔انسداد دہشتگری عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے سنگجانی جلسہ پر درج مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کی عبوری ضمانت میں10فروری تک توسیع کی۔لاہور کی سپیشل سنٹرل عدالت میں سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی اور ان کے خاندان کے افراد کیخلاف منی لانڈرنگ کیس سماعت کے لئے مقررکردیا گیا،جج سلیمان گھمن 20جنوری کو سماعت کریں گے۔