سزا پر خوشیاں منانے والے جلد ہی پچھتائیں گے، مریم نواز کو عمران خان کے منصوبے اپنے نام کرنے کی پرانی عادت ہے
پشاور(آئی این پی)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ عمران خان کو شریف خاندان کی طرح کرپشن اور منی لانڈرنگ جیسے دھندوں پر سزا نہیں ہوئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عمران خان تاریخ کے واحد وزیراعظم ہیں جنہیں فلاحی منصوبے پر سزا دی گئی، شریف خاندان کی طرح پیسا بیرون ملک منتقل کرنے پر سزا نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ القادر کیس میں پیسا بیرون ملک نہیں گیا بل کہ پاکستان آیا، القادر یونی ورسٹی میں سیرت النبیؐ کی تعلیمات دی جاتی ہیں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اگر سیرت النبیؐ کی تعلیمات کو فروغ دینا جرم ہے تو ہمیں اس جرم پر فخر ہے، شکر ہے عمران خان کو شریف خاندان کی طرح کرپشن اور منی لانڈرنگ جیسے دھندوں پر سزا نہیں ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ سزا پر خوشیاں منانے والے جلد ہی پچھتائیں گے، مریم نواز کو القادر یونی ورسٹی ضبط ہونے اور اس کے تحویل میں آنے پر بہت خوشی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو عمران خان کے منصوبے اپنے نام کرنے کی پرانی عادت ہے۔