رمضان میں ٹریفک روانی کیلئے خصوصی پلان تیار

 لاہور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے ماہِ صیام کے دوران شہر میں ٹریفک کی مؤثر روانی کو یقینی بنانے کے لیے جامع ٹریفک پلان تشکیل دے دیا ہیسی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق رمضان المبارک میں شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ٹریفک پولیس 24 گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے گی۔سیکنڈ شفٹ میں اضافی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ خصوصی اسکواڈز بھی فعال رہیں گینائٹ شفٹ کے دوران شہر کے تمام 45 ٹریفک سیکٹرز کی سرکاری گاڑیاں پٹرولنگ پر مامور ہوں گی تاکہ افطار اور تراویح کے اوقات میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکیحکومت پنجاب کی جانب سے شہر بھر میں قائم کیے گئے 23 سہولت بازاروں، پانچ مویشی منڈیوں اور 22 دسترخوانوں پر بھی ٹریفک پولیس کی خصوصی ڈیوٹی لگائی گئی ہے تاکہ خریداروں اور شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ ڈویڑنل اور سرکل افسران افطار اور تراویح کے اوقات میں فیلڈ میں موجود رہ کر خود نگرانی کریں گے۔رمضان المبارک کے دوران دو ہزار سے زائد ٹریفک افسران اور وارڈنز فرائض انجام دیں گے رمضان بازاروں اور دیگر مارکیٹوں میں پارکنگ کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور رانگ پارکنگ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔رانگ پارکنگ کے خاتمے کے لیے ٹریفک ریسپانس یونٹ کے 200 سے زائد وارڈنز، 34 فورک لفٹرز اور پانچ بریک ڈاؤن گاڑیاں ہمہ وقت موجود رہیں گی۔سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے ہدایت کی ہے کہ ٹریفک وارڈنز کو ان کے ڈیوٹی پوائنٹس پر سرکاری اخراجات سے افطاری فراہم کی جائے گی۔ مزید برآں ٹریفک سٹاف کی حوصلہ افزائی کے لیے تمام ایس پیز اور ڈی ایس پیز بھی چوکوں میں وارڈنز کے ہمراہ افطاری کریں گے۔سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افطار کے اوقات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ رمضان المبارک کے دوران شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر انداز میں چلایا جا سکے۔