ٹریفک روانی برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات اور پارکنگ انتظامات کئے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور ٹریفک پولیس نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے فائنل میچ کے موقع پر شہریوں اور شائقینِ کرکٹ کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا ہے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق میچ کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 2 ایس پیز، 6 ڈی ایس پیز، 90 انسپکٹرز اور ایک ہزار سے زائد ٹریفک وارڈنز فرائض سرانجام دیں گے۔ قذافی اسٹیڈیم، ٹیموں کے روٹس اور متبادل راستوں پر خصوصی نفری تعینات کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رانگ پارکنگ کے خاتمے اور ٹریفک کی بہتر نگرانی کے لیے 10 فورک لفٹرز اور 5 بریک ڈاو?ن گاڑیاں بھی تعینات کر دی گئی ہیں۔ شائقینِ کرکٹ کی آسان رسائی کے لیے 5 پارکنگ اسٹینڈز مختص کیے گئے ہیں۔ مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ اور فیروزپور روڈ ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی جبکہ میچ کے دوران کسی بھی سڑک کو مکمل طور پر بند نہیں کیا جائے گا۔ ٹیموں کی آمد و رفت کے دوران صرف چند لمحوں کے لیے مخصوص مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ اور فیروزپور روڈ سے آنے والے شائقین گورنمنٹ کالج فار بوائز فیروزپور روڈ میں پارکنگ کر سکیں گے جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ، جوہر ٹاو?ن اور کاہنہ سے آنے والے شہری کلمہ چوک اور سینٹر پوائنٹ کے راستے گورنمنٹ کالج فار بوائز کی پارکنگ استعمال کر سکیں گے۔ کینٹ اور ڈیفنس سے آنے والے شائقین کے لیے سن فورٹ ہوٹل اور لبرٹی مارکیٹ میں پارکنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ شہریوں کو راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے ٹریفک کی بدلتی صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جائے گا۔ انہوں نے شائقینِ کرکٹ سے اپیل کی کہ پارکنگ اور اسٹیڈیم میں داخلے کے حوالے سے ٹریفک اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔