ذخیرہ اندوزوں کی شامت ، لسٹ تیار

 نرخنامے نہ لگانے کا نوٹس، دکاندار ریٹ لسٹیں نمایاں آویزاں کریں، ڈی سیز عملدرآمد کرائیں:چیف سیکرٹری 
لاہور (کرائم رپورٹر)چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے لاہور، فیصل آباد ، بہاولنگر سمیت بعض اضلاع میں دکانوں پر سرکاری نرخنامے نمایاں طور پر آویزاں نہ ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ریٹ لسٹیں ہر صورت نمایاں آویزاں کی جائیں اور اس پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔چیف سیکرٹری کی زیر صدارت پرائس کنٹرول اقدامات کا جائزہ اجلاس ہوا۔سبزیوں، پھلوں، آٹا، چینی، گھی سمیت 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ تمام ڈویڑنل کمشنرز سے پرائس کنٹرول اقدامات پر روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کر لی گئی۔ چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ ڈپٹی کمشنرز اشیائے خورونوش کے نرخ خود مقرر کرتے ہیں، لہذا ان پر عملدرآمد بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ بعض اضلاع میں نوٹیفائیڈ قیمتوں میں فرق رسد کا نہیں بلکہ انتظامی کمزوری کا نتیجہ ہے۔ قیمتوں میں اعتدال برقرار رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ متعلقہ محکموں سے قریبی رابطہ رکھے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سپیشل برانچ اور اربن یونٹ کو بھی مانیٹرنگ کے فرائض سونپ دئیے گئے ہیں جبکہ سپیشل برانچ نے607 مشتبہ ذخیرہ اندوزوں کی فہرست ضلعی انتظامیہ کو فراہم کر دی ہے،ڈپٹی کمشنرز ذخیرہ اندوزوں کیخلاف فوری سخت کارروائی کریں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔اجلاس میں سیکرٹری فوڈ سیفٹی، ڈی جی فوڈ ، ڈی جی پیرا سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک پرشریک ہوئے