دنیا کے مشہور ترین یوٹیوبر جمی ڈونلڈسن، جو "مسٹر بیسٹ" کے نام سے جانے جاتے ہیں، ان کی ماہانہ آمدنی کے اعداد و شمار لیک ہوگئے ہیں، جس نے انٹرنیٹ صارفین کو حیران کر دیا ہے۔
کتنی ہے مسٹر بیسٹ کی کمائی؟
مسٹر بیسٹ کے یوٹیوب چینل پر 36 کروڑ سے زائد سبسکرائبرز ہیں، اور ان کی ویڈیوز پر اربوں ویوز آتے ہیں۔ حال ہی میں، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر "ڈرامہ الرٹ" نامی اکاؤنٹ نے ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ مسٹر بیسٹ نے صرف 28 دنوں میں 40 لاکھ ڈالر (تقریباً 1 ارب 11 کروڑ پاکستانی روپے) سے زائد کمائے ہیں۔یہ خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی۔ کئی صارفین نے کہا کہ یہ آمدنی حقیقت میں اس سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے، کیونکہ ان کی اسپانسرشپ ڈیلز بھی لاکھوں ڈالرز کی ہوتی ہیں۔ کچھ نے کہا کہ مسٹر بیسٹ اس کمائی کے حقدار ہیں، کیونکہ وہ اپنی ویڈیوز پر بہت محنت کرتے ہیں۔
مسٹر بیسٹ کی کمائی کے ذرائع
مسٹر بیسٹ صرف یوٹیوب کی کمائی پر انحصار نہیں کرتے، بلکہ وہ ایک وسیع کاروباری سلطنت کے مالک بھی ہیں۔ ان کے پاس متعدد یوٹیوب چینلز ہیں، جن میں گیمنگ، ری ایکشن اور فلاحی ویڈیوز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، وہ مختلف برانڈز کے ساتھ کام کرتے ہیں اور اپنی کمپنیز بھی چلاتے ہیں، جن میں "مسٹر بیسٹ برگر" اور "فیئسٹیبل چاکلیٹ" جیسی کمپنیاں شامل ہیں۔
سالانہ آمدنی کتنی ہے؟
2024 میں فوربس کی رپورٹ کے مطابق، مسٹر بیسٹ کی سالانہ آمدنی 85 ملین ڈالر بتائی گئی تھی، جبکہ Celebrity Net Worth ویب سائٹ کے مطابق، ان کی ماہانہ آمدنی 50 ملین ڈالر تک ہوسکتی ہے۔ اس تضاد سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی اصل کمائی کا تعین کرنا مشکل ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ فوربس نے 2022 میں ان کی خالص مالیت تقریباً 500 ملین ڈالر بتائی تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پچھلے دو سال میں ان کی دولت میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔
مسٹر بیسٹ کی کامیابی کا راز؟
مسٹر بیسٹ کی کامیابی کا راز ان کی منفرد ویڈیوز اور فلاحی کام ہیں۔ وہ نہ صرف مہنگے چیلنجز کرتے ہیں، بلکہ اپنی کمائی کا بڑا حصہ ضرورت مندوں کی مدد کے لیے بھی خرچ کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی مقبولیت مزید بڑھ رہی ہے۔