پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نواب یوسف تالپور کے انتقال پرصدر مملکت،چیئرمین سینیٹ ،بلاول بھٹو سمیت دیگر رہنمائوں کا اظہار تعزیت

اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور کراچی میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 82 برس تھی۔ مرحوم کی نماز جنازہ کنری، ضلع عمرکوٹ میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کردی گئی ۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری  نے سابق وزیر و سینئر سیاستدان نواب محمد یوسف تالپور کے انتقال پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ صدر مملکت  نے مرحوم نواب یوسف تالپور کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بھی نواب  یوسف تالپور کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نواب یوسف تالپورکی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔دریں اثناء چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نواب یوسف تالپور کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواب یوسف تالپور پیپلز پارٹی کا اثاثہ تھے، ان کے انتقال کی خبر میرے لئے باعثِ صدمہ ہے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفی شاہ نے نواب یوسف تالپور کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور ایک تجربہ کار، مدبر اور دور اندیش سیاستدان تھے۔سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے نواب یوسف تالپور کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ نواب یوسف تالپور کی وفات پیپلزپارٹی اور جمہوری سیاست کیلئے بڑا نقصان ہے۔