حکومت و اپوزیشن مذاکرات پر آج محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس وزیراعظم کو پیش کریں گے

حکومت و اپوزیشن مذاکرات پر آج محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس وزیراعظم کو پیش کریں گے

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری سیاسی مذاکرات میں آج اہم مرحلہ طے ہونے والا ہے، جس میں اپوزیشن کے نمائندے محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس وزیراعظم کو حتمی جواب پیش کریں گے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ شب اپوزیشن کے اعلیٰ رہنماؤں کی پانچ گھنٹے سے زائد مشاورتی نشست ہوئی، جس میں مذاکرات کی پیشکش اور حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس دوران پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو اپنی رائے سے آگاہ کیا تاکہ وہ وزیراعظم کو مذاکرات سے متعلق حتمی موقف پیش کر سکیں۔مشاورتی عمل میں اپوزیشن کی اعلیٰ قیادت کے علاوہ سلمان اکرم راجہ اور اسد قیصر بھی شریک تھے، جبکہ سلمان اکرم راجہ نے آڈیو لنک کے ذریعے حصہ لیا۔

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے اپوزیشن الائنس کی قیادت کو مکمل اختیار دیا ہے کہ وہ مذاکرات کریں یا نہ کریں۔ اسد قیصر نے کہا کہ اگر محمود خان اچکزئی چاہیں تو حکومت و اپوزیشن سے کسی بھی معاملے پر بات کر سکتے ہیں، اور اگر اپوزیشن قائدین مذاکرات میں حصہ نہیں لینا چاہتے تو ان کے فیصلے کا احترام کیا جائے گا۔یہ مذاکرات ملک کی آئینی، حکومتی اور سیاسی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم مرحلہ تصور کیے جا رہے ہیں، اور ان کے نتائج آئندہ سیاسی اقدامات پر براہِ راست اثر ڈالیں گے۔