امریکا نے براؤن یونیورسٹی میں پیش آنے والی فائرنگ کے واقعے کے بعد گرین کارڈ لاٹری پروگرام معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکا کی سیکرٹری ہوم لینڈ سکیورٹی کرسٹی نویم کے مطابق فائرنگ کرنے والا مشتبہ شخص امریکا آنے کے لیے اسی پروگرام کا استعمال کر چکا تھا۔گرین کارڈ لاٹری پروگرام، جسے ڈائیورسٹی ویزا (Diversity Visa – DV) پروگرام بھی کہا جاتا ہے، امریکی حکومت کا ایک سرکاری امیگریشن پروگرام ہے۔ اس کا مقصد ایسے ممالک کے شہریوں کو امریکا میں مستقل رہائش کا موقع دینا ہے جہاں سے امیگریشن کی شرح کم ہو۔
اس پروگرام کے تحت ہر سال تقریباً 50 ہزار افراد کو قرعہ اندازی کے ذریعے گرین کارڈ دیا جاتا ہے، جس سے وہ امریکا میں مستقل رہائش اختیار کر سکتے ہیں، کام کر سکتے ہیں اور بعد میں شہریت کے اہل ہو سکتے ہیں۔چند روز قبل براؤن یونیورسٹی اور ایم آئی ٹی میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے تھے۔ ملزم پرتگالی شہری کلاڈیو مانوئل نیویس ویلینتے 2017 میں ڈائیورسٹی ویزا لاٹری پروگرام کے تحت امریکا آیا تھا۔ 48 سالہ نیویس پر الزام ہے کہ اس نے براؤن یونیورسٹی میں فائرنگ کر کے 2 طلبہ اور ایک ایم آئی ٹی پروفیسر کو ہلاک اور 9 افراد کو زخمی کیا۔