وزیر اعظم نے شہریوں کے لیے مفت علاج کا صحت کارڈ پروگرام شروع کر دیا

وزیر اعظم نے شہریوں کے لیے مفت علاج کا صحت کارڈ پروگرام شروع کر دیا

وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہریوں کے لیے وزیر اعظم صحت کارڈ پروگرام کا اجراء کر دیا ہے۔

 افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمزور طبقے کا سہارا بننا ریاست کی ذمہ داری ہے اور علاج و صحت کی سہولیات ہر شہری کا بنیادی حق ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت عوام کو ان کی دہلیز پر یہ سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ 2016 میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے صحت کارڈ پروگرام کا آغاز کیا تھا اور صوبوں میں یہ پروگرام بڑے پیمانے پر عوام تک پہنچا، جس سے لاکھوں خاندان مستفید ہوئے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ صحت سب سے قیمتی سرمایہ ہے، اور صحت کے بغیر تعلیم، کھیل اور زندگی کے دیگر شعبے متاثر ہوتے ہیں۔ پروگرام کے تحت اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں شہریوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور ان کی ٹیم کو کامیاب عملدرآمد پر مبارکباد دی۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پروگرام 2016 سے جاری ہے اور اب یونیورسل ہیلتھ کوریج کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ تقریباً ایک کروڑ شہری اس سہولت سے مستفید ہوں گے، جبکہ 600 سے زائد پبلک اور پرائیویٹ ہسپتال کیش لیس علاج فراہم کریں گے۔ پروگرام میں شناختی کارڈ اور بچوں کے بی فارم کو صحت کارڈ کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ پروگرام عوامی فلاح کا تسلسل ہے، اور سندھ میں بھی صحت کارڈ پروگرام کے نفاذ پر غور کیا جا رہا ہے۔ پنجاب میں صحت کارڈ پروگرام پہلے سے جاری ہے اور اربوں روپے اس پر خرچ کیے جا چکے ہیں۔تقریب میں وفاقی وزرا، ارکان قومی اسمبلی اور دیگر حکام نے شرکت کی، اور وزیر اعظم نے تقریباً ایک کروڑ شہریوں کے لیے صحت کارڈز تقسیم کیے۔