ایل ڈی اے کی سکول سائٹ کو قبضہ مافیا سے واگزار کرا لیا گیا
لاہور ( کرائم رپورٹر )غیر قانونی کمرشل املاک و کمرشل فیس نادہندہ ہونے پر 80 املاک سربمہر کر دی گئیں، جوہر ٹا ئون ڈی بلاک میں سرکاری اراضی سے قبضہ واگزار کرا لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے ٹیموں کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں،80 املاک سربمہر کر دی گئیں، ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبرگ،نیو گارڈن ٹا ئون،فیصل ٹا ئون،نیو مسلم ٹا ئون، شادمان، سبزہ زار میں کارروائیاں کیں۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبرگ، نیوگارڈن ٹا ئون، فیصل ٹا ئون میں 24املاک سربمہر کر دیں۔ نیومسلم ٹا ئون، شادمان میں 18، سبزہ زار میں 38املاک سربمہر کر دیں۔ سیل کی گئی املاک میں نجی سکول،دکانیں، دفاتر،ریستوران،سٹور ودیگر شامل ہیں۔ آپریشن سے پہلے ان املاک کو متعدد نوٹسز دیئے گئے تھے۔ آپریشن چیف ٹا ئون پلانرون اسد الزمان کی زیر نگرانی کیا گیا۔دوسری جانب ایل ڈی اے کے شعبہ ہا ئوسنگ سیون نے علی الصبح آپریشن کیا، آپریشن جوہر ٹا ئون کے ڈی بلاک میں قبضہ مافیا کے خلاف کیا گیا، ایل ڈی اے کی سکول سائٹ کو قبضہ مافیا سے واگزار کرا لیا گیا،پلاٹ نمبر 658 ڈی سکول سائٹ پر کی گئی چار دیواری اور گیٹ مسمار جبکہ پلاٹ نمبر 452 ڈی بلاک پر قائم تعمیرات مسمار کرکے قبضہ واگزار کرا لیا۔