پی آئی اے ،ڈسکوز کی نجکاری ضروری ،حکومت معاملہ ارادتاً خراب کررہی:فواد حسن
لاہور( کرائم رپورٹر)سابق وزیراعظم، سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پارلیمان کے استحکام کیلئے حکومت کا رویہ درست نہیں، ڈائیلاگ کے نام پر اپوزیشن اور برسر اقتدار طبقہ عوام کو بیوقوف بنا رہاہے، تمام طاقتور طبقات اور اداروں کو آئین کے تابع ہونا پڑے گامگر حکومت اور اپوزیشن اس میں سنجیدہ نہیں۔حکومت اپنے مفاد کیلئے آئین تبدیل کرنا چاہتی ہے، پارلیمان کا استحکام جمہوریت کیلئے ناگزیر ہے۔چین سمیت کسی ملک نے معاشی معاہدوں کے دوران پاکستان پر دبائو نہیں ڈالا، ہماری کسی حکومت نے امریکا کو کبھی ایبسلوٹلی ناٹ نہیں کہا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پلڈاٹ کے زیر اہتمام معیشت اور جمہوریت پرسیمینار سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر فواد حسن فواد نے کہا پی آئی اے نجکاری کو خود حکومت نے سبوتاڑ کیا، دنیا میں پاکستان واحد مثال ہے جہاں نجکاری کمیٹی کا سربراہ وزیر خارجہ ہے، پی آئی اے اور ڈسکوز کی نجکاری ضروری ہے مگر حکومت معاملے کو ارادتاً خراب کررہی ہے۔ سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا قومی اداروں کی نجکاری کیلئے پارلیمان کو اعتماد میں لینا ناگزیر ہے۔ 1990 کے دوران بہترین اقتصادی پالیسی اور 2014 سے 2017 تک ملک کو معاشی ٹریک پر لانے کا کریڈٹ سیاستدانوں کو جاتا ہے۔پلڈاٹ کے رہنما محبوب بلال و دیگر شرکا نے مضبوط معیشت کو سیاست و ریاست کیلئے ناگزیر قرار دیااور کہا پاکستان کو آگے لیکر چلنے کیلئے تمام طبقات کو اختلافات ختم کرنا ہونگے۔