امریکی پابندیوں سے پاکستان کی میزائل صلاحیت پر کوئی اثر نہیں پڑیگا دفاعی ماہرین

جو بائیڈن انتظامیہ اپنے آخری دور میں  بڑی غلطیاں کر رہی ہے:سید محمد علی‘ امریکہ کی انڈیا کی طرف نظر کیوں نہیں جاتی:راشد ولی
ماضی میں بھی پاکستان پر پابندیاں لگیں، مشکل حالات میں بھی پاکستان پروگرام جاری رکھتا رہا ہے: میجر جنرل (ر) زاہد محمود 

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) دفاعی ماہرین کا کہنا ہے  امریکی پابندیوں سے پاکستان کی میزائل صلاحیت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔دفاعی تجزیہ کار سید محمد علی نے کہا  امرکہ کی جانب سے لگائی گئی پابندیاں بہت ہی افسوسناک ہیں، اس قسم کی پابندیوں سے پاکستان کی میزائل صلاحیت پر کسی قسم کا اثر نہیں پڑیگا، ہمارا میزائل پروگرام ہمارے انجینئرز کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے۔یہ تاریخ کی بہت بڑی غلطیاں ہیں جو بائیڈن انتظامیہ اپنے آخری دور میں کر رہی ہے، امید کرتے ہیں ٹرمپ انتظامیہ اس غلطیوں کا ازالہ کرے گی، ٹرمپ انتظامیہ پابندیوں سے متعلق اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔دفاعی تجزیہ کار راشد ولی  نے کہا یہ ایک غیر منصفانہ فیصلہ ہے، پاکستان ایٹمی عدم پھیلاؤ کے جتنے بھی معاہدات ہیں پاکستان اس کا حصہ ہے، ماضی میں امریکی خود اس بات کی تعریف کرتے رہے ہیں، امریکی خود کہتے رہے ہیں پاکستان کا میزائل سسٹم بہت محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ امریکہ کی انڈیا کی طرف نظر کیوں نہیں جاتی وہ ہائپرسونک میزائل کی طرف جا رہے ہیں، امریکا کو چاہیے کہ مکالمے کے ذریعے ہمارے ساتھ بیٹھ کر اس مسئلے کو حل کرے۔دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر) زاہد محمود نے کہا  ماضی میں بھی پاکستان پر مشکل سے مشکل حالات میں پابندیاں رہی ہیں، مشکل حالات میں بھی پاکستان اس کو جاری رکھتا رہا ہے، پاکستان نے عالمی امن کیلئے دنیا میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔