پاکستان کی سابق مندوب برائے اقوام متحدہ، ملیحہ لودھی نے امریکی پابندیوں کے حوالے سے کہا ہے کہ ان کا پاکستان پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔
ایک نجی نیوز چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی پابندیاں کوئی نئی بات نہیں ہیں اور نہ ہی ان کا پاکستان پر کوئی اثر پڑنے والا ہے۔ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ پاکستان نے جب سے جوہری پروگرام کی کوشش شروع کی، امریکا نے پابندیاں لگائیں، لیکن امریکا نے بھارت پر کبھی ایسی پابندیاں نہیں لگائیں، حالانکہ بھارت کا میزائل پروگرام پاکستان سے زیادہ ایڈوانس ہے۔ ان کے مطابق، یہ امریکا کا امتیازی رویہ ہے، اور ان پابندیوں کا پاکستان پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان امریکا کی ترجیحات میں شامل نہیں، اور ٹرمپ کی خارجہ پالیسی میں چین اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے امریکا افغانستان سے نکلا ہے، پاک امریکا تعلقات ایک دوراہے پر کھڑے ہیں۔ملیحہ لودھی نے یہ بھی کہا کہ امریکا کے پاکستان سے امتیازی سلوک پر کوئی پاکستانی حمایت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے یہ واضح کیا کہ پاکستان کے جوہری پروگرام پر نہ تو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہو سکتی ہے اور نہ ہی ہونی چاہیے۔