سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر کی گرفتاری کے خلاف حکم امتناع میں توسیع کردی
آئی جی سندھ اگر مقدمات کی تفصیلات کے لئے ذمہ دار نہیں تو کون ہے؟ جج سندھ ہائی کورٹ
کراچی(آئی این پی ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے )نے سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا ہے عارف علوی کے خلاف اس کے پاس کوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی آئینی بینچ کے روبرو سابق صدر عارف علوی کے خلاف مقدمات کی تفصیلات طلب کرنے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے رپورٹ جمع کروا دی جس میں میں کہا گیا کہ ایف آئی اے میں سابق صدر کیخلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے صوبے میں سابق صدر کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے مزید مہلت طلب کرلی۔عدالت نے استفسار کیا کہ مقدمات کی تفصیلات حاصل کرنے میں اتنا وقت کیوں لگ رہا ہے؟ سرکاری وکیل نے مقف دیا کہ مختلف محکموں سے تفصیلات جمع کرنی ہے۔جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دئیے کہ آئی جی سندھ اگر مقدمات کی تفصیلات کے لئے ذمہ دار نہیں تو کون ہے؟ کیا ایف آئی آر چھپائی جارہی ہیں؟ سرکاری وکیل نے مقف اپنایا کہ ایف آئی آر میانوالی میں درج ہے اور حفاظتی ضمانت یہاں سے حاصل کی ہے۔جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیئے درخواست گزار کو خدشات ہیں کہ یہاں بھی مقدمات درج ہوسکتے ہیں