پارٹی میں مجھے بھی سنا جائے، واحد سیاستدان ہوں جس نے بلدیاتی، صوبائی اور وفاقی سطح پر سیاست کی
حکومت مذاکرات کا آغاز کرے، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا:میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے پارٹی میں مجھے بھی سنا جائے اور سول نافرمانی نے تحریک مؤخر کرنے کا مشورہ میں نے دیا تھا۔انہوں نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، 9 مئی کو راولپنڈی نہیں بلکہ کراچی میں تھا۔ میں کہتا ہوں اے ٹی اے کی سیکشن 16 کے تحت 9 مئی پر میرا اور پراسیکیوشن کا حلف لیں، 40 سال سے عملی سیاست کر رہا ہوں کسی کے ایک ٹکے کا روادار نہیں۔انہوں نے کہا پیر کو سلمان اکرم راجا مجھے ملنے کوٹ لکھپت جیل آئے تھے لیکن میں راولپنڈی میں تھا جس کی وجہ سے ملاقات نہیں ہو سکی۔ پی ٹی آئی میں واحد سیاست دان ہوں جس نے بلدیاتی، صوبائی اور وفاقی سطح پر سیاست کی ہے اور میرا نکتہ نظر ہے کہ پارٹی میں مجھے بھی سنا جائے۔ حکومت مذاکرات کا آغاز کرے، ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا۔