پی ٹی آئی سول نافرمانی تحریک مؤخر کردے:محمود اچکزئی

 حکومت کے ساتھ مذاکرات وقت کی اہم ضرورت ہیں‘طے ہونا چاہیے حکومت کب ہٹے گی
 مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں 4 ماہ میں نئے انتخابات کرائے جائیں:سربراہ اپوزیشن اتحاد
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے پی ٹی آئی سے سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کرنے کی اپیل کر دی۔ایک بیان میں محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے اپیل ہے کہ سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کر دیں۔ محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے حکومت کے ساتھ مذاکرات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔انہوں نے مشورہ دیا ہے مذاکرات میں طے ہونا چاہیے حکومت کب ہٹے گی۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بات چیت سے مسائل کا حل نکلے تو اس سے اچھی بات نہیں، اگر بات چیت سے مسائل حل نہیں ہوتے تو تحریک چلانی پڑے گی۔اپوزیشن اتحاد کے سربراہ نے مزید کہا مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں 4 ماہ میں انتخابات کا مطالبہ کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کی دعوت پر آج کْرم اور پی ٹی آئی کے شہداء کی دعا کے لیے پشاور جائیں گے۔