پنجاب پولیس خدمت مراکز سے 30 لاکھ سے زائد مستفید

خدمت مراکز پبلک سروس ڈلیوری کا شاندار فلیگ شپ منصوبہ ہے ، آئی جی عبدالکریم
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کے خدمت مراکز شہریوں کو جدید ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی میں متحرک ہیں، جہاں رواں سال اب تک 30 لاکھ 38 ہزار سے زائد شہریوں نے مختلف خدمات حاصل کی ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم کے مطابق یہ مراکزی بااعتماد پبلک سروس ڈلیوری کا فلیگ شپ منصوبہ ہیں جہاں شہریوں کو 24 گھنٹے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق حاصل کردہ سہولیات میں 11 لاکھ 14 ہزار سے زائد جنرل پولیس ویریفکیشن، 5 لاکھ 62 ہزار سے زائد کریکٹر سرٹیفیکیٹس اور 8 لاکھ 11 ہزار سے زائد کرایہ داری اندراج شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، 1 لاکھ 20 ہزار سے زائد شہریوں کو میڈیکولیگل سرٹیفیکیٹس جاری کیے گئے، 1 لاکھ 73 ہزار نے ایف آئی آر کی نقول حاصل کیں جبکہ 72 ہزار سے زائد افراد کو تحفظ فراہم کیا گیا۔دیگر سروسز کے تحت ہزاروں شہریوں نے گاڑیوں کی ویریفکیشن، دستاویزات کی گمشدگی، ایمپلائیز رجسٹریشن (ROPE) اور پرائیویٹ جاب ویریفکیشن کی سہولت بھی حاصل کی۔ آئی جی پنجاب نے تمام عملے کو ہدایت کی ہے کہ خدمت مراکز اور تھانوں میں شہریوں کے ساتھ شائستہ اور خوش اخلاق رویہ اختیار کیا جائے۔