جاں بحق بچوں کی عمریں پانچ، تین اور ایک سال تھیں جب کہ ماں کی عمر 27 سال تھی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)بحرین کے شہر رملی ہاؤسنگ میں ایک رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 27 سالہ خاتون اور اس کے تین کم سن بچے جاں بحق ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق بحرین کی وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آتشزدگی ایک کثیر المنزلہ عمارت کے فلیٹ میں ہوئی۔جاں بحق بچوں کی عمریں پانچ، تین اور ایک سال تھیں جب کہ ماں کی عمر 27 سال تھی۔ بچوں کا والد گھر سے باہر تھا اور لاشیں دیکھ کر بے ہوش ہوگیا جسے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔بحرینی حکام کا کہنا ہے کہ فائر اینڈ ریسکیو ٹیموں کو اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا جہاں اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے کے ساتھ عمارت کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے کولنگ آپریشن بھی کیا تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کا امکان ختم کیا جاسکے۔امدادی اہلکاروں نے بتایا کہ ابتدا میں پانچ سالہ بچے کی نبض میں معمولی حرکت محسوس ہوئی تھی تاہم اْسے بچایا نہ جاسکا۔ باقی دونوں بچے اور ان کی والدہ پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔