لاہور (آئی این پی) سعودی عرب کی نئی قومی ایئرلائن ،ریاض ایئر نے لاہور سے بھی باقاعدہ فضائی آپریشنز کا آغاز کر دیا ۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے ) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ریاض ایئر کی پہلی افتتاحی پرواز آر ایکس 676 علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پہنچ گئی۔پرواز کی آمد پر پی اے اے کے فائر اینڈ ریسکیو سروسز کی جانب سے طیارے کو شاندار روایتی واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا۔اس موقع پر ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ڈیپارچر لانج میں ایک پروقار افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاکستان میں تعلیق شدہ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، ایئرپورٹ کے اعلی حکام اور پی اے اے کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب کے دوران ایئرلائن کے آپریشنز کے آغاز کی خوشی میں ربن اور کیک کاٹا گیا۔ترجمان پی اے اے کے مطابق ریاض ایئر کی پاکستان آمد اور لاہور سے فضائی رابطے کا قیام دونوں برادر ممالک کے درمیان فضائی تعلقات کی مضبوطی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔لاہور اور ریاض کے درمیان ان پروازوں سے مسافروں اور زائرین کو سفر کی جدید اور بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔