سید یوسف رضا گیلانی سے پرتگال کے سفیر کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

 انسانی وسائل کی ترقی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے،چیئرمین سینیٹ 
اسلام آباد(آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان میں پرتگال کے سفیر پالو میگوئل گیدیز ڈومنگیز نے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، پارلیمانی تعاون اور عوامی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان پرتگال کے ساتھ دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، ثقافت اور بلیو اکانومی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی حجم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن سے استفادہ کرنے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنا ضروری ہے۔