سپیکر قومی اسمبلی سے ترکیہ کے سفیر کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

 دونوں برادرممالک ، ہمیشہ علاقائی اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے،سردار ایاز
اسلام آباد(آئی این پی)سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو کی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قلب کی مانند ہیں، پاکستان اور ترکیہ مذہب، تاریخ اور ثقافت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے عوام ترکیہ سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔اس موقع پر  ایازصادق نے ترکیہ میں جمہوریت کے تحفظ کے لیے عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں برادر ممالک علاقائی اور عالمی ایشوز پر یکساں موقف رکھتے ہیں جبکہ دونوں ممالک نے ہمیشہ علاقائی اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے۔ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر نے سپیکر قومی اسمبلی کے تاثرات کو سراہا۔ڈاکٹر عرفان نذیر نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ترکیہ اور پاکستان کی عوام کے درمیان محبت، احترام اور اخوت کا رشتہ پایا جاتا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔