شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے مایوسی سے اعتماد، ناامیدی سے امید نو، انتشار سے استحکام اور ڈیفالٹ سے نجات پا کر معاشی استحکام کا سفر طے کیا
مہنگائی 38 سے کم ہو کر 9 سال کی کم ترین سطح 1.5 فیصد پر آ گئی‘ ن لیگ کی حکومت ہی وہ واحد جمہوری قوت ہے جو پاکستان کو ترقی دے سکتی ہے
لاہور(سپیشل رپورٹر) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے حکومت کا ہر دن ترقی اور عوام کے لیے خوشخبریاں لے کر طلوع ہوا۔مسلم لیگ ن کی حکومت کو ایک سال مکمل ہونے پر سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا نواز شریف کی رہنمائی میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے 365 دن کا ہر روز، ہرلمحہ پاکستان کی ترقی اور عوام کے ریلیف کی خوش خبریاں لے کر طلوع ہوا۔انہوں نے کہا وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں گزرے ایک سال میں پاکستان نے مایوسی سے اعتماد، ناامیدی سے امید نو، انتشار سے استحکام اور ڈیفالٹ سے نجات پا کر معاشی استحکام کی طرف شاندار سفر طے کیا۔مریم اورنگزیب نے کہا 12 ماہ میں معاشی معجزے رونما ہوئے، مہنگائی 38 سے کم ہو کر 9 سال کی کم ترین سطح 1.5 فیصد پر آ گئی، مسلم لیگ ن کی حکومت میں ہر نیا دن ملک و قوم کے خوشحال مستقبل کے خواب کو تعبیر کے قریب لاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہی وہ واحد جمہوری قوت ہے جو پاکستان کو ترقی دے سکتی ہے