ممبئی کی شدید بارشیں: امیتابھ بچن کے بنگلے 'پرتیکشا' میں پانی بھر گیا

ممبئی کی شدید بارشیں: امیتابھ بچن کے بنگلے 'پرتیکشا' میں پانی بھر گیا

ممبئی: بھارت کے شہر ممبئی میں موسلا دھار بارشوں نے شہری زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے اور بڑے فلمی ستارے بھی اس قدرتی آفت سے محفوظ نہیں رہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بالی ووڈ کے لیجنڈ امیتابھ بچن کا مشہور تاریخی بنگلہ 'پرتیکشا' بارش کے پانی میں ڈوب گیا ہے۔ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ بارش کا پانی سڑکوں سے ہوتے ہوئے بنگلے کے اندر تک داخل ہو گیا، جہاں احاطے میں پانی ٹخنوں تک جمع ہو گیا۔ رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن خود بھی ہاتھ میں وائپر لیے پانی نکالنے کی کوشش کرتے نظر آئے۔ یہ بنگلہ فی الحال ان کی بیٹی شویتا بچن کے زیر استعمال ہے۔ممبئی کے مختلف علاقوں میں بارشوں نے ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے گاڑیاں آہستہ آہستہ پانی کے اندر راستہ بناتے ہوئے چل رہی ہیں، جس سے شہریوں کو گھروں سے نکلنے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ تعلیمی ادارے اور دفاتر بھی متاثر ہوئے ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق مسلسل بارشوں نے ممبئی کا نظامِ زندگی مفلوج کر دیا ہے۔ کئی علاقوں میں بجلی منقطع ہو گئی ہے جبکہ نشیبی مقامات پر گھروں میں پانی داخل ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ بارشوں کے باعث ریسکیو ٹیموں کو بھی متعدد مقامات پر امدادی کارروائیاں کرنی پڑ رہی ہیں۔واضح رہے کہ ممبئی میں برسات کا موسم ہر سال شہریوں کے لیے آزمائش بن جاتا ہے، لیکن اس بار بارش کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث عام لوگ ہی نہیں بلکہ بالی ووڈ کے بڑے ستارے بھی مشکلات کا شکار ہیں۔